چترال،وزیراعظم کی ہمشیرہ علیمہ خان کیلئے ہیلی کاپٹر طلب کرلیا گیا

July 8, 2019

سیاحتی مقام چترال میں پھگلتے گلیثیئرز کے بعد سیلابی صورت حال میں وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان بھی پھنس گئیں۔ ڈی سی او چترال کے مطابق علیمہ خان کو بحفاظت منتقل کرنے کیلئے ہیلی کاپٹر طلب کرلیا گیا ہے۔

سیاحتی مقام چترال کے علاقے گولین کے قریب گلیشیئر گرمی سے پھگلنا شروع ہوگئے، جس سے علاقے میں سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی۔ سیلاب کے باعث گھروں اور درختوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

ریسکیو ٹیمیں گزشتہ رات سے امدادی کاموں میں مصروف ہیں، جب کہ سیر و تفریح کیلئے گئیں وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان بھی اس علاقے میں سیلاب کی وجہ سے پھنسی ہوئی ہیں۔

مقامی انتظامیہ کے مطابق سیلابی ریلے کے باعث علاقے میں تمام راستے بند ہیں۔ سماء کے نمائندے زاہد جان سے خصوصی گفت گو میں ڈی سی او چترال کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی بہن کو متاثرہ علاقے سے نکالنے کیلئے ہیلی کاپٹر کا انتظام کیا جا رہا ہے، جب کہ علیمہ خان کا کہنا ہے کہ متاثرہ لوگوں کو ریسکیو تک میں نہیں جاونگی۔

واضح رہے کہ علیمہ خان کے علاوہ دیگر سیاح بھی اسی علاقے میں پھنسے ہوئے ہیں۔ سیلابی ریلے کے باعث اپر چترال کا چترال سے رابطہ زمینی رابطہ منقطع ہے۔

چار روز قبل چترال کے خوبصورت سیاحتی مقام گولین کے ازغور گلئشیر گرمی سے پھٹنے سے علاقے میں سیلاب آیا، جس کے لیے ریسکیو1122 نے اپنی امدادی کاروائیاں شروع کرتے ہوئے ریسکیو1122 کی ایمبولینس اور ایکسویٹر کو علاقے میں طلب کرلیا۔

سیلاب کی وجہ سے آمدورفت بالکل ختم ہوچکی ہیں اور سیلابی ریلہ تا حال جاری ہے جس کی وجہ سے روڈ کو بحال کرنے کا کام سست روی کا شکار ہے۔ عوام کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے انتظامیہ کے افراد بھی متاثرہ جگہ پر موجود ہیں۔

گلئشیر کے پھٹ جانے کے نتیجےمیں درجنوں درخت اکھڑ کر سیلابی ریلے میں بہہ گئے۔ یہ درخت بوبکا گاوں کے قریب سیلاب کا رخ تبدیل کر رہے ہیں، جس سے گاوں میں متعدد گھروں، دکانوں اور فصلوں کو نقصان پہنچا۔

سیلاب کی وجہ سے 108 میگاواٹ گولین ہائیڈل پاور اسٹیشن کا پانی بند کر دیا گیا، تاہم بجلی گھر اسٹور شدہ پانی سے بجلی دے رہا ہے۔ واضح رہے کہ 2015 کے بعد گلئشیر کے پھٹنے کا یہ پہلا واقعہ ہے۔