تربيلا جھیل ميں کشتي ڈوبنے کے بعد لاپتہ ہونے والے 18 افراد کو اب تک نہيں نکالا جاسکا،ريسکيو آپريشن کا آج پانچواں روز ہے، آرمی اور ریسکیو عملہ لاپتہ افراد کي تلاش ميں مصروف ہے۔
ہری پور تربیلا جھیل میں کشتی حادثے ميں ڈوبنے والوں کی تلاش کے آپریشن کا پانچواں روز ہے۔ پاک فوج، ریسکیو ادارے اور مقامی غوطہ خوروں کو تیز بہاؤ اور زيادہ گہرائی کے باعث تلاش ميں مشکلات کا سامنا ہے۔
ہری پور کی تربیلا جھیل میں 5 روز قبل مسافر کشتی ڈوب گئی تھی۔ ریسکیو اہلکاروں کی ہر ممکن کوشش کے باوجود 18 لاشیں تاحال نہیں ملی ہیں۔ ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ کشتي کافي گہرائي ميں ہے جس کو نکالنا کافي مشکل ہے، لاپتہ افراد کي تلاش کيلئے سرچ آپريشن جاری رہے گا۔
ادھر جھيل کنارے موجود ڈوبنے والوں کے لواحقین نے اپنے پياروں کے ملنے تک وہاں سے جانے سے انکار کرديا ہے۔
واضح رہے کہ اوور لوڈنگ کے باعث ڈوبنے والي کشتی ميں سوار 4 بچوں کی لاشیں نکال لی گئی تھیں جبکہ 11 افراد کو بچایا لیا گیا تھا۔