وقت آگیا کہ ہمیں ایک قوم بن کر سوچنا ہوگا،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

June 28, 2019

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ مشکل معاشی حالات سے نکلنے کیلئے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا، انشاء اللہ ہم ان مشکلات سے سرخرو ہو کر نکلیں گے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ قومی معیشت پر نیشنل ڈیفینس یونیورسٹی میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ یقین ہے پاکستان مشکل معاشی حالات سے کامیابی سے نکل جائے گا، قومی اہمیت کے امور پر کھل کر بات چیت ضروری ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ملکی استحکام معاشی خودمختاری کے بغیر ممکن نہیں، معاشی خود مختاری کے بغیر کوئی دوسری خود مختاری ممکن نہیں۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزید کہا کہ کوئی ملک اکیلا نہیں بلکہ خطے ترقی کرتے ہیں،مشکل معاشی فیصلے نہ کرنے سے مشکلات میں اضافہ ہوا،ہم اس وقت مشکل دور سے گزر رہے ہیں، مشکل معاشی حالات سے نکلنے کیلئے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔

آرمی چیف نے واضح کیا کہ وقت آگیا ہے کہ ہمیں ایک قوم بن کر سوچنا ہوگا، انشاء اللہ ہم ان مشکلات سے سرخرو ہو کر نکلیں گے۔