فردوس عاشق اعوان ماہر کرکٹ بن گئیں، باولرز پر تنقید

June 16, 2019

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان بھی کرکٹ پر تجزیہ کرنے والوں میں شامل ہوگئی ہیں۔ اتوار کو پاک بھارت میچ کے دوران انہوں نے پی ٹی وی اسپورٹس کی ورلڈ کپ ٹرانسمیشن میں شرکت کی اور کھلاڑیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے فاسٹ بولر حسن علی کو ٹیم میں شامل کرنے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر حسن علی سے اچھی گیند نہیں ہو رہی تو کسی اور کو موقع ملنا چاہیے تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں خود آل راؤنڈر کرکٹر رہی ہوں اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسانی مانی سے ملاقاتوں میں انہیں کرکٹ کو بہتر بنانے کیلئے مشورے بھی دیتی رہتی ہوں۔

دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق نے 20 اوورز پورے ہوتے ہی پہلے فیلڈنگ کے فیصلے پر نکتہ چینی شروع کردی۔

نعیم الحق نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کا روایتی حریف کے خلاف میچ میں پہلے بیٹنگ نہ کرنے کا فیصلہ درست نہیں نکلا۔ وزیراعظم نے بھی پہلے بیٹنگ کرنے کا مشورہ دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا ریکارڈ اچھا نہیں اور فیصلہ سازی میں ہی ذہنی صلاحیت کی آزمائش ہوتی ہے۔

دریں اثنا سوشل میڈٰیا صارفین نے کھیل کی نشریات میں فردوس عاشق اعوان کی شرکت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے ’اختیارات کا بے جا‘ استعمال قرار دیا ہے۔