پارک لین عبوری ریفرنس ، بلاول بھٹو کو فی الحال کلین چٹ ملنے کا امکان

June 12, 2019

نیب نے جعلی اکاؤنٹس کیس کا اہم ترین پارک لین عبوری ریفرنس تیار کر لیا، پچیس فیصد حصص کے مالک بلاول بھٹو کو فی الحال کلین چٹ ملنے کا امکان ہے جبکہ نامزد ملزمان میں آصف زرداری اور حسین لوائی سمیت دیگر شامل ہیں۔

جعلی اکاونٹس اسکینڈل کے پارک لین کیس میں نیب راولپنڈی کا بلاول کو ملزم نامزد نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ریفرنس آصف علی زرداری اور دیگر کے خلاف دائر کیا جائے گا تاہم حتمی فیصلہ ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری سے مشروط ہوگا ۔

ریفرنس پارک لین کی فرنٹ کمپنی پارتھینون اور آئی بی سی سنٹر کراچی سے متعلق مسودے میں آصف زرداری کے ساتھ حسین لوائی، یونس قدوائی اور دیگر کو ملزم نامزد کرنے کی تجویزہے ۔

ملزمان پر 4ارب روپے قرض کے لین دین اور جعلی اکاونٹس کے استعمال کا الزام ہے نیب نے آئی بی سی سنٹر کے آٹھ فلور سیل بھی کر دیئے ہیں ۔

پارک لین کمپنی میں 25فیصد کے شئیر ہولڈر بلاول بھٹو کو نیب راولپنڈی کی جانب سے ملزمان کی فہرست میں نہیں رکھا گیا، لیکن یہ معاملہ بھی ایگزیکٹو بورڈ کی منظری پر ہی فائنل ہوگا ۔۔ چئیرمین نیب کی منظوری کے بعد ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کیا جائے گا۔