حمزہ شہباز کی گرفتاری کے بعد مریم نواز ٹوئٹر پر سرگرم

June 11, 2019

نیب کی جانب سے لیگی رہنما حمزہ شہباز کی گرفتاری کے بعد مریم نواز نے ٹوئٹر کا محاذ سنبھال لیا، مریم نے گرفتاری کو آج پیش کیے جانے والے بجٹ اور معاشی سروے سے عوام کی توجہ ہٹانے کی کوشش قرار دے دیا

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرحمزہ شہباز آمدن سے زائد اثاثے، رمضان شوگر ملز اور منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت میں توسیع کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہوئے تھے، جہاں عدالت کی جانب سے درخواست مسترد کیے جانے کے بعد نیب نے انہیں گرفتار کرلیا۔

حمزہ کی گرفتاری کے بعد مریم نواز نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹرپر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔

مریم نواز نے وزیراعظم کیلئے نالائق کا لفظ استعمال کرتے ہوئے حکومت کو ریت کی دیوار قراردیا اور لکھا کہ جیلیں حمزہ کیلئے نئی نہیں، ن لیگ ہر صورت عوام کی آواز بنے گی۔

ایک اور ٹویٹ میں مریم نے نیب کیلئے لکھا کہ کٹھ پتلی تماشہ ختم ہونے والا ہے۔ حمزہ ۔۔ سربلند رکھنا ۔

گرفتاری سے پہلے حمزہ شہباز نے شعر پڑھا تھا جس کی ویڈیو بھی مریم نے اپنے ٹوئٹر پیج پر شیئر کی۔

مریم نواز نے اپنی ٹویٹس میں حکومت پر واضح کیا کہ اقتصادی سروے اور بجٹ جیسی تاریخی ناکامیاں عوام کے غیض وغضب سے نہیں بچا سکتیں ۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز نیب ریفرنسز میں سابق صدر اور شریک چیئرمین پی پی آصف زرداری اور آج حمزہ شہباز کی گرفتاری کو اپوزیشن مخالف حلقے بجٹ سے عوام کی توجہ ہٹانے کی کوشش قرار دے رہےہیں۔ وفاقی بجٹ آج شام 5 بجے قومی اسمبلی کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا اور موجودہ معاشی صورتحال کے پیش نظر اسے ممکنہ طور پر عوام دوست بجٹ نہیں کہا جا رہا۔