احتجاج کرنا اپوزیشن کا جمہوری حق ہے، زلفی بخاری

May 23, 2019

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستان زلفی بخاری نے کہا ہے کہ اپوزیشن کوعید کے بعد احتجاج کرنا ہے تو کرلے، احتجاج جمہوری حق ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے زلفی بخاری نے کہا کہ اپوزیشن الائنس کی وجہ یہ ہے کہ ان کا ویژن کرپشن ہے۔

اپوزیشن سے متعلق انھوں نے مزید کہا کہ احتجاج اپوزیشن اتحاد کا حق اور مجبوری ہے، اپوزیشن میں ایسی پارٹی نہیں جو اکیلی احتجاج کرسکے۔

زلفی بخاری نے پیپلزپارٹی سے متعلق کہا کہ یہ جماعت سیاسی طور پر ختم ہو چکی ہے اور ان کے پاس اب اسٹریٹ پاور نہیں ہے۔

شہبازشریف سے متعلق انھوں نے دعویٰ کیا کہ وہ اب واپس نہیں آئیں گے۔

معاشی صورتحال سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ  3 سے 6 ماہ میں ملک کی معاشی صورتحال بہتر ہوجائے گی، ڈالر بڑھنے سے مہنگائی ہوئی مگر فیصلہ ہم نے کرنا ہے۔