لیڈی ریڈنگ دو دن کیلئے کھل گیا، دیگر اسپتالوں میں ڈاکٹرز کی ہڑتال جاری

May 20, 2019

پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال میں ڈاکٹروں نے 2 دن کے لیے ہڑتال ختم کرتے ہوئے او پی ڈی کھول دی ہے۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ کی جانب سے ایک ڈاکٹر پر تشدد کے خلاف خیبرپختونخوا کے سرکاری اسپتالوں میں گزشتہ 6  روز سے ڈاکٹرز ہڑتال پر ہیں جس کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

خیبرپختونخوا ڈاکٹرز کونسل کے کنوینئر ڈاکٹر سراج الاسلام کا کہنا ہے کہ مریضوں کے مفاد کے پیش نظر لیڈی ریڈنگ اسپتال میں آج اور کل او پی ڈیز کھلی رہیں گی تاہم خیبر ٹیچنگ اسپتال، حیات آباد میڈیکل کمپلکس سمیت باقی تمام اسپتالوں میں ہڑتال جاری رہے گی۔

ڈاکٹر سراج الاسلام نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمود خان سے 21 مئی کو ہونے والی ملاقات کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ اگر مذاکرات کامیاب نہیں ہوئے تو لیڈٰی ریڈنگ اسپتال میں دوبارہ ہڑتال شروع ہوگی۔

ڈاکٹرز کونسل نے گزشتہ رات مذاکرات کے لیے آمادگی ظاہر کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ وزیر صحت اور انصاف ڈاکٹرز فورم کے نمائندوں کی موجودگی میں وہ بات چیت نہیں کریں گے۔

وزیر صحت ہشام انعام اللہ خان نے 16 مئی کو خیبر ٹیچنگ اسپتال میں ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر ضیاءالدین کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔