لاہور میں کمسن ملازمہ پر تشدد، خاتون گرفتار

May 18, 2019

لاہور میں کمسن ملازمہ پر تشدد کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا، پولیس نے بچی پر تشدد کرنے والی خاتون کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

کاہنہ کے علاقے میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں 10 سالہ گھریلو ملازمہ کو بات نہ ماننے پر مالکن  کے تشدد کا سامنا کرنا پڑا، بچی کی چیخوں کی آواز سن کر محلے داروں نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کو اطلاع کی جس پر بچی کو بازیاب کروالیا گیا۔

متاثرہ بچی کا کہنا ہے کہ مجھ پر لاتوں، گھونسوں اور وائپر کے ڈنڈے سے تشدد کیا گیا، میری کمر پر بھی چوٹ لگی۔

بچی پر تشدد کے بعد خاتون گھر سے غائب ہوگئی تھی تاہم پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے زرقہ شاہد کو ایڈن ولاز کے علاقے سے گرفتار کرلیا۔

چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی درخواست پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے، تشدد کا نشانہ بننے والی کمسن گھریلو ملازمہ کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی حفاظتی تحویل میں دے دیا گیا۔