ہوم   >  پاکستان

قمر زمان کائرہ کا بیٹا ٹریفک حادثے میں جاں بحق

3 months ago

پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ کا بیٹا اسامہ قمر ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگیا۔ واقعے میں اسامہ کا دوست حمزہ بٹ بھی جان سے گیا۔ وزیراعظم عمران خان، اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سمیت بلاول بھٹو،آصف زرداری اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے قمر زمان کائرہ سے ان کے بیٹے کی وفات پر اظہار تعزیت کیا ہے۔آرمی چیف  اور نیول چیف نے قمر زمان کائرہ کے بیٹے کی وفات پر اظہارِ افسوس کیا اور کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ والدین کو ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔

ترجمان پیپلزپارٹی کے مطابق قمر زمان کائرہ کا بیٹا اسامہ قمر لالہ موسی میں ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوا۔ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ اسامہ قمر کی گاڑی درخت سے جا ٹکرائی۔ اسامہ قمر لاہور کے گورنمنٹ کالج میں زیر تعلیم تھا اور اسلام آباد آرہا تھا۔

قمر زمان کائرہ کو حادثے کی اطلاع اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران اس وقت ملی جب ایک صحافی نے انھیں بتایا کہ آپ کے بیٹے کا ایکسیڈنٹ ہوگیا ہے،وہ فوری طور پر لالہ موسی روانہ ہوگئے۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے قمرزمان کائرہ سے صاحبزادے کے انتقال پر اظہارافسوس کیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ جواں سال بیٹے کے انتقال کی اندوہناک خبر سن کر شدید صدمہ ہوا، خدا سے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لئے دعاگو ہوں۔

شہبازشریف نے قمر زمان کائرہ کے بیٹے کی حادثے میں وفات پر اظہارتعزیت کیا اور کہا ہے کہ غم کی اس گھڑی میں کائرہ خاندان کے ساتھ ہیں۔

سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے قمرزمان کائرہ سے صاحبزادے کے انتقال پر اظہار افسوس کیا اور کہا ہے کہ جواں سال بیٹے کے انتقال کا دکھ ناقابل برداشت ہے، پاکستان پیپلزپارٹی اس دکھ کی گھڑی میں کائرہ خاندان کے ساتھ ہے۔

 

 

آپ کے تبصرے

Your email address will not be published.

 
متعلقہ خبریں