ٹیکس کا بوجھ کم کرنے کی کوشش کریں گے، مشیرخزانہ

May 16, 2019

وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے خزانہ حفیظ شیخ نے کہا ہے کہ کمزورطبقےکو ساتھ لے کر چلنے کیلئے احساس پروگرام شروع کیا۔ بجٹ عوامی مشکلات کو دور کرنے کیلئے بنایا گیا ہے اور ٹیکس کا بوجھ  بھی کم کرنے کی کشش کریں گے۔

 کراچی میں تاجروں و صنعت کاروں سے ملاقات کے بعد گورنر سندھ اور چیئرمین ایف بی آر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشیر خزانہ نے کہا کہ ملک کی معاشی صورتحال بہتر نہیں تھی جبکہ قرضے بھی واپس کرنے تھے اس لیے آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے قرض سے ملک میں معاشی استحکام آئے گا تو پھر روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ممکن ہوگی۔

اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر معاشی ٹیم کراچی آئی اور تاجروں، صنعتکاروں سے اہم ملاقات ہوئی ہے جس میں آئی ایم ایف پیکج کی مکمل تفصیلات پر بریفنگ دی گئی جبکہ اور تاجروں، صنعتکاروں نے تجاویز پیش کیں۔

گورنرسندھ نے کہا کہ مشیرخزانہ حفیظ شیخ وزیراعظم کو تاجروں و صنعتکاروں کی تجاویز سے آگاہ کریں گے۔