کوئٹہ، راستے کے تنازع پر تصادم، ایک شخص ہلاک، 3 زخمی

May 16, 2019

کوئٹہ میں دو گروہوں کے مابین تصادم میں ایک شخص جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق واقعہ خروٹ آباد تھانے کی حدود میں پشتون باغ کے علاقے بادیزئی ٹاون میں پیش آیا جہاں راستے کے تنازع پر دو گروپوں میں تصادم ہوا۔ فائرنگ اور لڑائی جھگڑے کے دوران ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ جس کی شناخت عطا محمد ولد ابراھیم شاہ کے نام سے ہوئی ہے۔

تصادم میں 3 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں فریق اول کے آغا محمد جبکہ فریق دوئم کے محمد الیاس اور عبدالخالق شامل ہیں۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے بولان میڈیکل کمپلیکس اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

اسپتال انتطامیہ کے مطابق زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ دوسری طرف پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔