ڈالر مزید مہنگا ہوگیا لیکن عوام کو گھبرانا نہیں، شیری رحمان کا طنز

May 16, 2019

پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان نے ملک میں ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

پی پی رہنماء اور سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ ڈالر 148 روپے ہوگیا ہے لیکن ’عوام کو گھبرانا نہیں‘، مہنگائی کا طوفان آئے گا لیکن ’عوام کو گھبرانا نہیں‘ ہے۔

شیری رحمان نے کہا کہ ڈالر ملکی تاریخ میں بلند ترین سطح پر پہنچ چکا ہے، جبکہ ماہرین کہتے ہیں ڈالر کی قدر مزید بڑھے گی۔ انقلابی سرکار اپنی ہی ناکامیوں کے رکارڈ توڑ رہی ہے۔

ڈالر کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، اسٹاک مارکیٹ میں مندی

پی پی رہنماء نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے سے پہلے شرائط مانی جا رہی، اوپن مارکیٹ میں ڈالر اپنی قدر خود طے کرتا ہے اور دوسری دفعہ ڈالر کی قدر میں اتنا بڑا اضافہ دیکھا گیا ہے۔

سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ امید ہے وزیر اعظم ٹی وی پر خبر دیکھ کر نوٹس لیں گے، حکومت کے عوام دشمن فیصلون نے عام آدمی کے لیے جینا مشکل کر دیا ہے۔