معروف مصور جمیل نقش انتقال کرگئے

May 16, 2019

دور حاضر کے معروف مصور جمیل نقش 80 برس کی عمر میں لندن میں انتقال کر گئے۔

جمیل نقش کو 4 روز قبل لندن کے سینٹ میری اسپتال میں علاج کی غرض سے لایا گیا تھا جہاں آج وہ دم توڑ گئے۔

سال 1939 میں ہندوستان کے شہر کیرانہ میں پیدا ہونے والے جمیل نقش نے پاکستان منتقل ہونے کے بعد نیشنل کالج آف آرٹس میں داخلہ لیا۔

ان کی مصوری کی خاص بات عورت اور کبوتر کا استعارہ تھا۔

منفرد انداز سے اپنی پہچان بنانے والے جمیل نقش کے فن پاروں سے نئی طرز جھلکتی تھی۔ ان کی خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے 1989 میں انہیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا اور سال 2009 میں انہیں ستارہ امتیاز لینے کا اعزاز حاصل ہوا۔

جمیل نقش کی نماز جنازہ اور تدفین لندن میں ہی کی جائے گی۔