کوشش کر رہے ہیں آئی ایم ایف کی شرائط میں نرمی لائیں، شاہ محمود قریشی

May 12, 2019

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بے شک پاکستان اس وقت مشکل صورتحال کا شکار ہے اور ہم کوشش کر رہے ہیں کہ آئی ایم ایف کی شرائط میں نرمی لائیں۔

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں نے ملک کا مالیاتی ڈھانچہ ہلا کر رکھا دیا تھا جس کے باعث ملک کا مالیاتی خسارہ  انتہائی خطرناک حد تک بڑھ چکا ہے اور عوام کو پریشانی کا سامنا ہے جس کا ہمیں احساس ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نے کوشش کی آئی ایم ایف کے پاس جائے بغیر معاملات چلائیں لیکن نہ ہوسکا۔ اب یہ کوشش کر رہے ہیں کہ شرائط میں نرمی لائیں اور اسی وجہ سے مذاکرات طول پکڑ گئے ہیں۔

گوادر میں ہوٹل پر حملے سے متعل سوال کے جواب میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سوچنا ہوگا دہشتگردی کے واقعات میں تیزی کیوں آئی۔ کچھ قوتیں پاکستان کو مستحکم نہیں دیکھنا چاہتیں اور سی پیک کو سبوتاژکرناچاہتی ہیں۔

دہشت گردی میں افغانستان اور بھارت کے ممکنہ کردار کے بارے میں وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم بھارت کی طرح غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے الزامات نہیں لگانا چاہتے۔ بھارت نے پلوامہ حملے کا الزام پاکستان پر لگایا جس کے باعث دنیا بھر میں اس کی سبکی ہوئی۔