پاکستانی ڈاکٹر رولیکس ایوارڈز فار انٹرپرائز 2019ء کیلئے منتخب

May 8, 2019

پاکستانی ڈاکٹر سارا سعید کو رولیکس ایوارڈز فار انٹرپرائز 2019ء کی سائنس و ہیلتھ کیٹیگری کیلئے حتمی فہرست میں شامل کرلیا گیا۔

رولیکس ایوارڈز دنیا کو رہنے کیلئے بہتر مقام بنانے کیلئے انفرادی طور پر مشکلات سے بھرے کام کرنیوالے افراد کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔

رولیکس ایوارڈز 18 سال سے زائد عمر کے کسی بھی ملک سے تعلق رکھنے والے تمام افراد کیلئے کھلا موقع ہے، جن کے منصوبے ہماری دنیا کی معلومات میں اضافے یا زمین پر معیار زندگی بہتر بنانے میں مدد گار ہوں۔ یہ منصوبے وسیع پیمانے پر ماحولیات، اپلائیڈ سائنس اور ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ تحقیق سے تعلق رکھتے ہیں۔

پاکستان کی 32 سالہ ڈاکٹر سارہ سعید ’’صحت کہانی‘‘ کی شریک بانی اور سی ای او ہیں، جو ایک الیکٹرانک ہیلتھ سروس (ای ہیلتھ) کے ذریعے گھروں سے کام کرنیوالی خواتین ڈاکٹرز سے دیہی علاقوں کے لوگوں اور غریبوں کا کم قیمت میں رابطہ کرواتی ہیں۔

انہوں نے ایک ٹیلی میڈیسن ڈیلیوری سسٹم تشکیل دیا جو دنیا بھر کے نواحی علاقوں میں کام کرسکتی ہے۔

سارہ سعید نے رولیکس کو بتایا کہ یہاں کئی خواتین ڈاکٹر ڈگریاں حاصل کرنے کے باوجود کام نہیں کرتیں، اس کے بجائے وہ دلہن بن کر اپنے خاندان کے ساتھ گھروں میں رہتی ہیں، ہم ایسی خواتین ڈاکٹرز کو پاکستانی ثقافت میں رہتے ہوئے افرادی قوت میں واپس لاتے ہیں اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے انہیں غریب اور دیہی علاقوں میں رہنے والے عوام سے جوڑتے ہیں۔

ویب سائٹ پر موجود ان کی پروفائل کے مطابق سارہ سعید کا نیٹ ورک پاکستان بھر میں 23 ای ہیلتھ کلینکس کے ذریعے 86 ہزار مریضوں کو خدمات فراہم کررہا ہے جبکہ اس میں پندرہ سو خواتین ڈاکٹرز، 90 سے زائد نرسیں اور فیلڈ ہیلتھ ورکرز ملازم ہیں۔

حال ہی میں اس میں بیرون ملک مقیم پاکستانی خواتین ڈاکٹرز کا بھی اضافہ ہوا ہے جس سے چوبیس گھنٹے خدمات دستیاب ہیں۔ سارہ اپنے نیٹ ورک کو 100 ای کلینکس تک وسعت دینے کا منصوبہ رکھتی ہیں اور 2023ء تک تقریباً ایک کروڑ افراد کو سستی ہیلتھ کیئر سہولیات دینا چاہتی ہیں۔

یہ منصوبہ زندگیاں بچانے اور صحت کی سستی سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ہنرمند خواتین کو ان کی مکمل صلاحیتوں کے استعمال کا اختیار دیتا ہے۔

رولیکس 2019ء کیلئے 5 انعامات کیلئے انتخاب ووٹنگ کے ذریعے کیا جائے گا، جس کیلئے ہر شخص 12 جون تک اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکتا ہے، سارہ سعید کو ووٹ دینے کیلئے اس لنک پر کلک کریں۔