ایم کیو ایم کے ارشد حسن نے ڈپٹی میئر کراچی کا حلف اٹھالیا

April 25, 2019

متحدہ قومی موومنٹ کے سید ارشد حسن نے کراچی کے پانچویں ڈپٹی میئر کی حیثیت سے حلف اٹھالیا۔

بارہ دری (سابقہ پولو گراؤنڈ) میں ڈپٹی میئر کراچی کی حلف برداری تقریب منعقد ہوئی، میئر کراچی وسیم اختر نے ارشد حسن سے حلف لیا۔

تقریب حلف برداری میں ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، ڈپٹی کمشنر جنوبی صلاح الدین اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

ڈپٹی میئر کا حلف اٹھانے کے بعد بات چیت کرتے ہوئے سید ارشد حسن نے کہا کہ یہ عہدہ میرے لئے اعزاز ہے لیکن ساتھ ہی ایک بڑی ذمہ داری بھی ہے، میری خواہش ہے کہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھا سکو، سب مل کر بہت جلد مسائل کو حل کرلیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں شہری اداروں کے ساتھ جو ہوا اور ہورہا ہے سب کے سامنے ہے، سب کے اعتماد اور امیدوں پر پورا اترنے کی کوشیش کرونگا۔

میئر کراچی وسیم اختر نے سید ارشد حسن کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی، تقریب سے خطاب میں کہا کہ اگر نیک نیتی سے جدوجہد کی جائے تو منزلیں ملتی ہیں، یہ جدوجہد کا ایک تسلسل ہے کہ ہم آگے بڑھ رہے ہیں، کراچی کے مسائل حل کرنا مقصد رہا ہے۔

ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد ووہرا کو ایم کیو ایم چھوڑ کر پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت پر نااہل قرار دے دیا گیا تھا، جس کے بعد 18 اپریل کو شہر کے نئے ڈپٹی میئر کیلئے پولنگ ہوئی، متحدہ کے ارشد حسن نے 302 میں سے 194 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی تھی۔