نوشہرہ میں 7 سالہ بچے کے ساتھ زیادتی، ملزم گرفتار

April 25, 2019

خیبرپختونخوا کے ضلع نوشہرہ میں پولیس نے سات سالہ بچے کے ساتھ بد فعلی کے الزام میں ایک ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم طاہر متاثرہ بچے کا ہمسایہ ہے اور اس نے تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کیا ہے۔

بدھ کو تھانہ اکبرپورہ میں ایک محنت کش نے رپورٹ درج کراتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ اس کا 7 سال کا بیٹا گھر سے باہر گیا تھا اور کچھ دیر بعد روتا ہوا واپس آیا۔

والد کے مطابق جب بچے سے رونے کی وجہ پوچھی تو اس نے بتایا کہ راستے میں ایک شخص نے اسے مارا ہے۔ بچے کے والد نے اس کو قریبی ڈاکٹر کے پاس لے گیا جس نے بچے کے ساتھ زیادتی کی تصدیق کردی۔

پولیس نے بچے کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے ملزم کی تلاش شروع کردی اور بچے کو مزید علاج کیلئے اسپتال منتقل کردیا۔

جمعرات کو پولیس نے ایک جگہ چھاپہ مار کر ملزم طاہر کو گرفتار کرلیا جس نے تفتیش کے دوران بچے سے زیادتی کا اعتراف کرلیا ہے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ اندراج مقدمہ کے بعد ملزم کی تلاش شروع کردی گئی اور 24 گھنٹوں کے اندر اندر اسے گرفتار کرلیا گیا۔

تھانہ اکبرپورہ کے ڈیوٹی افسر تنویر نے سما ڈیجیٹل کو بتایا کہ ملزم کو عدالت میں پیش کرکے دو روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا ہے۔