سی ٹی ڈی کی کارروائی، سمیں ایکٹیو کرکے دہشتگردوں کو بیچنے والے 7 ملزمان گرفتار

April 23, 2019

کراچی سے غیر قانونی سمز جرائم پیشہ افراد دہشتگردوں کو بیچنے والے گروہ کے 7 کارندوں کو سی ٹی ڈی نے گرفتار کرلیا، 3 ملزمان فرار ہوگئے، ملزمان این جی اوز کے روپ میں لوگوں کا ڈیٹا فنگر پرنٹس حاصل کرتے تھے اور پھر غیر قانونی طور پر سمیں کارآمد بنا کر بیچتے تھے۔

شہری ہوشیار رہیں، انجان لوگوں کو اپنی معلومات، فنگر پرنٹس دینے سے گریز کریں، سی ٹی ڈی نے ہزاروں سمیں برآمد کرلیں جو غیر قانونی طور پر ایکٹیو کی گئی تھیں۔

پولیس نے جعلی این جی او کے اہلکار بن کر معلومات حاصل کرنیوالے گروہ کے 7 کارندوں کو کینٹ اسٹیشن کے قریب سے گرفتار کرلیا، ملزمان غیر قانونی سمز کارآمد بناتے تھے۔

سی ٹی ڈی انچارج راجہ عمر خطاب نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ گرفتار ملزمان جرائم پیشہ عناصر کو مہنگے داموں سمیں فروخت کرتے تھے، ایئر پورٹ حملہ، چائنیز قونصل خانے پر حملے میں مارے جانے والے دہشتگرد ایسے ہی سمیں استعمال کررہے تھے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق ملزمان سے لیپ ٹاپ اور ڈیوائسز سمیت دیگر آلات بھی برآمد کر لئے گئے جبکہ موبائل فون کمپنیز اور فرنچائزز کیخلاف کارروائی کیلئے پی ٹی اے اور ایف آئی اے سے رابطہ کیا جائے گا۔