ہوم   >  پاکستان

مردان میں ایک شخص نے اپنے والد، بیوی اور بیٹی کو قتل کردیا

8 months ago

مردان میں ایک شخص نے گھریلو ناچاقی پر اپنے والد، بیوی اور بیٹی کو قتل کردیا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے آلہ قتل برآمد کرلیا ہے۔

پولیس کے مطابق مردان کے علاقہ دوبئی اڈہ میں ملزم رحمان علی ولد شاذاللہ نے منگل کی صبح کلہاڑی کے وار کرکے اپنی بیوی، والد اور بیٹی کو قتل کردیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق تہرے قتل کا واقعہ گھریلو ناچاقی کا شاخسانہ ہے۔

پولیس نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا جبکہ جاں بحق افراد کو پوسٹ مارٹم کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ملزم کے بھائی سمیع اللہ کا کہنا ہے کہ علی رحمان کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں ہے۔ اس سلسلے میں اس کا علاج بھی ہورہا تھا جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی بہن کی شادی اس کے سالے سے ہوئی تھی مگر اس کی بہن اور سسرال میں ناچاقیاں چل رہی تھی جس پر سسرال والے روزانہ آکر اس کو شکایتیں کرتے تھے جس پر اس نے طیش میں آکر اپنے ہی گھر میں قیامت برپا کردی۔

ڈی ایس پی رورل سرکل اور ایس ایچ او نے جائے وقوعہ کا دورہ کرکے شواہد اکھٹے کئے ہیں جبکہ پولیس نے تہرے قتل کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مردان میں تنخواہ کے تنازع پر شوہر نے بیوی کو قتل کردیا

اس سے قبل 18 اپریل کو مردان کے علاقے گڑھی کپورہ میں شوہر نے تنخواہ کے معاملے پر اپنی بیوی کو تشدد کے بعد قتل کیا تھا۔ گڑھی کپورہ پولیس کے مطابق مقتولہ فرزانہ کے بھائی اکبرعلی نے تھانے میں رپورٹ درج کراتے ہوئے بتایا کہ ان کی بہن فرزانہ سرکاری اسکول میں ٹیچر تھی اور ایک سال پہلے ان کی پولیس اہلکار عبدالحمید کے ساتھ شادی ہوئی تھی۔

مقتولہ کے بھائی کے مطابق دونوں میاں بیوی کے درمیان اکثر تنخواہ کے پیسوں پر ناچاقی رہتی تھی۔ ملزم عبدالحمید فرزانہ کی تنخواہ زبردستی لیکر خود پر خرچ کرتا تھا تاہم گزشتہ روز انہیں اطلاع ملی کہ فرزانہ نے خودکشی کرلی ہے۔

اکبرعلی نے پولیس کو بتایا کہ وہ فرزانہ کے گھر گئے تو انہیں پتہ چلا کہ اسے تشدد کرکے قتل کیا گیا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے مقتولہ کے شوہر عبدالحمید، سسر عبدالرشید، ساس نرگس اور دیور لقمان کو نامزد کردیا تھا۔

 
TOPICS:

آپ کے تبصرے

Your email address will not be published.

 
متعلقہ خبریں