موسم گرما کے آغاز کے ساتھ ہی کوئٹہ میں پانی کی قلت نے سر اٹھا لیا

April 23, 2019

کوئٹہ شہر کے وسطی علاقوں میں کئی روز سے پانی کی سپلائی معطل ہے شدید مشکلات کا شکار شہری کین اٹھائے دور دراز علاقوں سے موٹر سائیکلوں ، گاڑیوں اور گدھوں پر پانی لانے پر مجبور ہیں۔

پانی کی قلت کے موقع کا فائدہ اٹھا کر ٹینکر مافیا نے بھی قیمتوں میں 500 روپے تک اضافہ کر دیا ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت دعووں تک محدود ہے پانی کی سپلائی بہتر بنانے کے لئے سنجیدگی نہیں دکھائی جاتی ۔

واسا حکام کہتے ہیں کہ گرمی آنے کے ساتھ ہی شہر میں پانی کی طلب میں اضافہ ہو گیا ہے ، قلت دور کرنے کے لئے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔

واضح رہے کہ کوئٹہ میں یومیہ طلب 5 کروڑ گیلن ہے، سپلائی تین کروڑ جبکہ دو کروڑ گیلن کمی کا سامنا ہے ۔