شیخ رشید کا اسد عمر کو واپس کابینہ میں لانے کیلئے منانے کا اعلان

April 20, 2019

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اسد عمر نے اپنی مرضی سے استعفی دیا، اسد عمر سے کہوں گا کہ وہ کابینہ کا حصہ رہیں، ان سے جتنی محنت ہوسکتی تھی انہوں نے کی۔ اس موقع پر انہوں نے اس عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت پانچ سالہ مدت پوری کریگی۔

لاہور میں ریلوے ہیڈکواٹرز میں پریس کانفرنس سے خطاب میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ماضی کی کرپشن کے باعث ملک میں مہنگائی بڑھی، گزشتہ ادوار میں حکمرانوں نے ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا، ملکی دولت لوٹنے والوں کا ہر صورت احتساب ہوگا۔

 

اس موقع پر انہوں نے صدارتی کے بجائے پارلیمانی طرز حکومت کے حق میں ووٹ ڈالتے ہوئے کہا کہ ملک میں پارلیمانی نظام ہے، آئین بہت مشکل سے بنا ہے، اسی آئین کو لے کر چلنا چاہیے۔ سیاسی مخالفین سے متعلق شیخ رشید کا کہنا تھا کہ شریف برادران اور زرداری کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں، سازش کے تحت پیسہ سڑکوں اور پلوں پر لگایا گیا، تاہم وزیراعظم عمران خان بہت محنت کر رہے ہیں، ملک سرحدوں پر نہیں معیشت پر حملوں سے ٹوٹتے ہیں۔

 

پریس کانفرنس سے خطاب میں سابق وزیر خزانہ اسد عمر کا بھی ذکر ہوا۔ شیخ رشید نے کہا کہ اسد عمر سے کہوں گا کہ وہ کابینہ کا حصہ رہیں، ایک وزیر کو نکالا ہے، اسد عمر نے تو خود استعفیٰ دیا ہے، اسد عمر سے جتنی محنت ہوسکتی تھی، انہوں نے کی۔

 

انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، ریلوے کے نئے منصوبوں سے کافی لوگوں کو روزگار ملے گا، وزیراعظم کی موجودگی میں جلد ایم ایل ون پر دستخط ہونگے۔