کابینہ ڈویژن کی نئی فہرست میں کئی غلطیاں، اسد عمر بھی عہدے پر براجمان

April 19, 2019

کابینہ ڈویژن نے وزراء ،مشیران اور معاونین خصوصی کی نئی لسٹ جاری کر دی، حیرت انگیز طور پراسد عمراورعامر کیانی اپنے عہدوں پر براجمان ہیں۔

کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نئی فہرست میں فواد چوہدری کا قلمدان تبدیل کردیا گیا ۔ سابق وزیر خزانہ اسد عمر اور سابق وزیر صحت عامر کیانی بدستور اپنے عہدوں پر موجود ہیں جبکہ نئے وزیر خزانہ حفیظ شیخ کا نام سرے سے فہرست میں موجود ہی نہیں ہے۔

فواد چوہدری کی جگہ فردوس عاشق اعوان کا نام بطور معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات شامل ہے۔

فہرست میں نئے معاونین خصوصی کا نام بھی شامل ہے جنہیں وزیرمملکت کا درجہ حاصل ہوگا، ان معاونین خصوصی کی نئی تعداد 13 ہے۔

نئی فہرست میں وفاقی وزرا کی تعداد 25 ، وزرائے مملکت کی 5 اور وزیراعظم عمران خان کے مشیران کی تعداد 4 ہے۔