پيپلز پارٹی نااہل اور بدعنوان ہی نہیں متعصب بھی ہے، ایم کیو ایم کا جواب

April 15, 2019

ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے بھی جیالی قیادت پر پلٹ کر وار کردیا، فیصل سبزواری نے پیپلز پارٹی کو نااہل، بدعنوان اور متعصب قرار دے دیا۔ کہتے ہیں کہ صوبائی حکومت نے کراچی کو تھرپار کر بنادیا۔ ڈاکٹر فاروق ستار کہتے ہیں پیپلزپارٹی نے سندھ کی پچ پر 11 برس میں کوئی اسکور نہیں کیا، وہ صفر پر کھڑی ہے۔

سندھ اسمبلی میں وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کے جذباتی بیان پر ایم کیو ایم کا بھی سخت رد عمل سامنے آگیا، فیصل سبزواری جیالی قیادت پر برس بڑے، بولے کہ صوبائی وزراء پر جعلی بھرتیوں کا الزام ہے، نااہل حکمرانوں نے سندھ کا بُرا حال کردیا۔

سماء سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نااہل اور بدعنوان ہی نہیں متعصب بھی ہے، سندھ کا لیڈر کون ہے، زرداری یا بلاول؟۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے صوبائی حکومت کیخلاف فرنٹ فٹ پر آکر کھیلا، کہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی نے سندھ کی پچ پر 11 برس میں کوئی اسکور نہیں بنایا، بیٹسمین صفر پر کھڑا ہے۔

فاروق ستار نے کہا کہ الزام تراشی چھوڑ کر کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔