آندھی کے بعد کراچی میں آج رات گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

April 15, 2019

محکمہ موسمیات نے آج پھر کراچی میں تیز ہواوؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کردی ہے۔ گزشتہ رات آندھی کے باعث شہر میں مےمتعدد حادثات رونما ہوئے جس میں کئی انسانی جانوں کا ضیاع بھی ہوا تاہم پیر کی صبح ہلکی پھلکی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کا سسٹم بدستور شہرقائد میں موجود ہے، جس کے باعث کراچی میں آج مزید ہلکی بارش کا امکان ہے جبکہ ہواؤں کی رفتار زائد رہے گی۔ طوفان کے دوران ہوائیں 65 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات نے کہا کہ کل شام تک مغربی ہواؤں کا سسٹم شہر سے نکل جائے گا جس کے بعد کراچی میں ہوا کی رفتار معمول پر آجائے گی۔

گزشتہ رات سے صبح تک چلنے والی تیز ہوا اور آندھی کے باعث حادثات کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور بچوں سمیت 20 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ کئی مقامات پر درخت اکھڑ گئے جبکہ جگہ جگہ نصب دیوقامت بورڈ زمین پر آگرے۔