ہم نے صرف اپنا دفاع کیا، ہماری فوج تیار ہے، عمران خان

March 7, 2019

وفاقی کابینہ کا خطے میں امن کیلئے کوششیں جاری رکھنے کا عزم ،وزیراعظم عمران خان نے دو ٹوک کہہ دیا پاکستان کسی بھی ملک کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتا، لیکن اپنا دفاع کرنا خوب جانتے ہیں، حالیہ دنوں میں پاک افواج نے بھارت کو اپنی اسی صلاحیت کی جھلک دکھائی ہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بھی پاک بھارت کشیدگی زیر بحث رہی، وزیر اعظم عمران خان نے اجلاس کو اعتماد میں لیتے ہوئے کہا کہ ہمارے کسی ملک کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں، ہم نے صرف اپنا دفاع کیا، ہماری افواج ہر صورتحال سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، صورت حال میں مزید بہتری لانے کے لئے کوششیں جاری ہیں ۔

سعودی وزیر خارجہ کی پاکستان آمد، وزیراعظم سے ملاقات، اہم پیغام پہنچایا

وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ عالمی برادری بھی پاکستان کے مؤقف سمجھ رہی ہے، نیشنل ایکشن پلان پر قومی مفاد میں عملدرآمد کیا جارہا ہے، پاکستان ذمہ دار ملک کے طور پر قیام امن کیلئے سفارتی کوششیں جاری رکھے گا، کابینہ ارکان نے کشیدہ صورتحال کو معمول پر لانے اور بہترین سفارتکاری کیلئے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کی کوششوں کو سراہا ۔

کابینہ اجلاس نے 18 نکاتی ایجںڈے پر غور کے بعد قومی ٹیرف پالیسی ، پبلک سیکٹر انٹرپرائزز ،پاکستان آرڈیننس فیکٹری بورڈ اور ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا بورڈز سے متعلق اہم معاملات کی منظوری بھی دے دی ۔