کراچی میں کسی کے گھر نہیں توڑیں گے، نہ توڑنے دیں گے،وسیم اختر

February 12, 2019

 

مئیر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم سمیت سب نے غلطیاں کی ہیں، پورے شہر کا انفرا اسٹرکچر تباہ ہوگیا ہے، وزیراعظم عمران خان سے بھی کراچی کے معاملے پر بات ہوئی، میری تجاویز پر بہت فوکس بھی کیا مگر کچھ نہیں ہوا، پنجاب میں میٹرو بن گئی لیکن کراچی میں کچھ نہیں بنا۔

میئر کراچی وسیم اختر نے کاٹی میں صنعت کاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جن مسائل پر صنعت کاروں نے بات کی  یہ میرے لیے نئی  بات نہیں ہے، ان مسائل کے حل کیلئے 24 گھنٹے فوکس ہے۔ میئر وسیم اختر نے بتایا کہ کراچی کا 12 فیصد سے زائد حصہ میئر کےپاس نہیں، مشکلات بہت ہیں مگرہم کام کررہے ہیں،کراچی کی ذمہ داری کسی نے بھی نہیں لی ہے۔

مئیر کراچی نے بتایا کہ  پورے شہر کا انفرااسٹرکچرتباہ ہوگیا ہے، کراچی میں سیوریج کا نظام مکمل تباہ ہوچکا ہے۔ انھوں نے دو ٹوک کہا کہ گورنر یا وزیراعلیٰ  جتنے بھی اجلاس کرلیں کچھ نہیں ہوگا۔ انھوں نے شکوہ کیا کہکےایم سی کو بہت کم ریونیو ملتا ہے، جو پیسہ ملتا ہے وہ تنخواہ میں ہی چلا جاتا ہے، سب بولتے ہیں کہ کراچی کی آبادی 3 کروڑ ہے،اب کراچی دشمن پالیسی پرآواز اٹھانی ہوگی۔

انھوں نے تجویز دی کہ صنعتکاروں کو خود سڑکیں بنانا شروع کرنا ہوں گی، سالانہ 50 کروڑ روپے نالوں کی صفائی کا دے کر احسان کیاجاتاہے،جتنی  بھی صفائی کرو،کچرا جمع ہوکرنالوں میں چلا جاتاہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں تجاوزات قائم کرکے شہر کوتباہ کردیا گیا، لوگوں نے 40 سال تک نالوں پرتجاوزات بناکرخوب کمایا۔

میئر نے مزید شکوہ کیا کہ وزیراعظم عمران خان سے بھی کراچی پربات ہوئی، میری تجاویز پر بہت فوکس بھی کیا مگر کچھ نہیں ہوا، پنجاب میں میٹروبن گئی لیکن کراچی میں کچھ نہیں بنا۔ وسیم اختر نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت کراچی کے لیے خصوصی پیکچ دے، وزیراعلیٰ ٹھیک کہتے ہیں کہ وفاق این ایف سی کے پیسےنہیں دیتا لیکن18ویں ترمیم کے تحت ملنے والی رقم بھی منتقل کی جائے۔

میئر نے بتایا کہ شہرمیں آگ لگ جائے توہمیں مسئلہ ہوتاہے، فائربریگیڈ کےادارےکوبہترکرناہے،کوئی آگےنہیں آتا۔ وسیم اختر نے واضح کردیا کہ ہم کسی کےگھر نہیں توڑیں گے، نہ توڑنے دیں گے، جو تجاوزات ہیں ان کا خاتمہ ہر صورت کریں گے، سندھ حکومت نےاب تک ملبہ اٹھانےکے20کروڑنہیں دیئے، جیسے ہی حکومت سے رقم ملے گی، ملبہ اٹھادیاجائےگا۔

انھوں نے تسلیم کیا کہ ماضی میں لوگوں نے نقصان پہنچایا،اب چائنا کٹنگ ختم کررہا ہوں،غلطیاں ایم کیوایم سمیت سب نےکی ہیں۔