دبئی جانیوالے مسافر سے کروڑوں روپے مالیت کی آئس ہیروئن برآمد

February 12, 2019

اسلام آباد ایئرپورٹ پر اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے کارروائی کرتے ہوئے مسافر کے بیگ سے کروڑوں روپے مالیت کی 610 گرام آئس ہیروئن برآمد کرلی۔

 اسلام آباد ایئرپورٹ پر کسٹمز اور اے این ایف نے مشترکا کارروائی کے دوران مسافرکے بیگ سے ہیروئن برآمد کی۔

اے این ایف حکام کے مطابق پشاور کا رہائشی ملزم سمیع اللہ پرواز ای کے 615 سے دبئی جا رہا تھا، ملزم کو گرفتار کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

 اس سے قبل بھی 31 جنوری کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر اے این ایف نے کارروائی کرتے ہوئے بیرون ملک منشیات سپلائی کرنے والے نیٹ ورک کے 2 افراد گرفتار کیے تھے۔

ایئرپورٹ حکام کے مطابق ملزمان قطر ایئرلائن کی پرواز کیو آر 633 اے سے دوحہ جا رہے تھے۔