سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کیلئے شایان شان تیاریاں جاری

February 12, 2019

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان 16 فروری کو دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے۔ ولی عہد کے استقبال کیلئے تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ اسلام آباد میں دونجی ہوٹل بھی بک کرالیے گئے۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلطان کی سیکیورٹی اور پروٹوکول ٹیم آج اپنی حتمی رپورٹ مرتب کرے گی۔ 

محمدبن سلمان سولہ فروری کوپاکستان کے مہمان بنیں گے ، اہم دورے سے پہلے بھر پور تیاریاں جاری ہیں۔ ولی عہد کی آمد سے قبل وفود کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

محمد بن سلمان کے بڑے وفد کے لیے اسلام آباد کے دو بڑے نجی ہوٹل مکمل اور دو ہوٹل جزوی طور پر بک کرا لیے گئے۔سعودی ولی عہد کی ورزش کا سامان، فرنیچر اور ضروری اشیا کے پانچ ٹرک بھی مقامی ہوٹل پہنچا دیے گئے۔

سعودی ولی عہد کے ڈاکٹرز اور ایڈوانس سیکورٹی ٹیم پاکستان پہنچ چکی ہے جس نے اسلام آباد کے مختلف مقامات کا دورہ کیا۔وزیراعظم عمران خان خود معزز مہمان کا استقبال کریں گے۔  امکان ہے کہ محمد بن سلمان وزیراعظم ہاؤس یا ایوانِ صدر میں قیام کریں گے۔

اس دورے کے لئے وزارت خزانہ ، دفترخارجہ اور پی ایم آفس متوقع معاہدوں کی تیاری میں مشغول ہیں۔ دورے میں آئل ریفائنری سمیت 10 سے 14 بلین ڈالر کے معاہدے متوقع ہیں۔ سعودی ولی عہد کے پاکستانی قوم سے خطاب  کیلئے بھی مختلف آپشن پر غور کیا جارہا ہے۔