پے پال پر حکومت نے کوئی بندش نہیں لگائی، اسد عمر

February 11, 2019

وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ آن لائن ادائیگی سسٹم پے پال پر حکومت نے کوئی بندش نہیں لگائی، ہم نے تو اسے فعال کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے ہیں۔

سرحد چیمبر آف کامرس پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ پے پال مجھ سمیت کسی حکومتی ادارے کے باعث التوا کا شکار نہیں ہے البتہ ہم نے اس کو پاکستان میں فعال کرنے کیلئے کوششیں کی ہیں۔

اسد عمر نے کہا کہ جو نوجوان گھر بیٹھے کام کرتے ہیں، ان لائن ادائیگی کا نظام نہ ہونے کے باعث انہیں مشکلات کا سامنا ہے۔ ایسے نوجوانوں کے لیے پے پال سمیت دیگر آن لائن ادائیگی کے نظام روزگار کے زبردست ذرائع ہیں۔

انہوں نےکہا کہ ہم نے پے پال کے سی ای او کو پیغام ارسال کیا ہے جس میں ان کو آگاہ کیا ہے کہ پے پال ہمارے نوجوانوں کے لیے بہت ضروری چیز ہے اور اس معاملے پر پے پال انتظامیہ سے بات چیت کا سلسلہ جاری ہے۔