ملتان، ابرارالحق کے کنسرٹ میں جھگڑا، متعدد افراد زخمی

February 11, 2019

پنجاب کے جنوبی ضلع ملتان میں تحریک انصاف کے رہنما اور معروف گلوکار ابرار الحق کے کنسرٹ کے دوران جھگڑا ہوگیا جس کے باعث کنسرٹ بدنظمی کا شکار ہوگیا۔

پولیس کے مطابق کانسرٹ جاری تھا کہ اس دوران کچھ لڑکوں نے ٹکٹ کے بغیر ہال میں داخل ہونے کی کوشش کی جس پر سیکیورٹی اہلکاروں نے انہیں روکا مگر لڑکوں نے مبینہ طور پر سیکیورٹی اسٹاف سے بدتمیزی کی۔

سیکیورٹی اسٹاف اور لڑکوں کے مابین معاملہ زبانی تکرار سے بڑھ کر ہاتھا پائی تک جاپہنچا اور مکوں لاتوں کا آزادانہ استعمال ہوا جس کے باعث کئی سیکیورٹی اہلکار اور نوجوان زخمی بھی ہوئے۔

جھگڑے کے باعث ہال میں بھگدڑ مچ گئی اور کنسرٹ میں شریک بچے اور خواتین چیختی رہیں۔ اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری کنسرٹ کے مقام پر پہنچی اور شرکاء کو نکال کر ہال خالی کردیا۔

اس دوران ابرارالحق پولیس کی آمد سے پہلے ہی کانسرٹ سے نکل کر جاچکے تھے۔