نشہ کرنے والے طلباء کے کیریکٹر سرٹیفیکیٹ پر ’منشیات کا عادی‘ لکھا جائے گا

February 2, 2019

 

وفاقی دارالحکومت میں منشیات کے خلاف مہم جاری ہے جس کے تحت اس لعنت کے سدباب کیلئے مختلف اقدامات کیے جارہے ہیں۔ اب اسلام آباد پولیس نے طلبہ کو منشیات کے استعمال سے روکنے کیلئے انوکھا طریقہ اختیار کیا ہے۔

اسلام پولیس کے انسپکٹر جنرل ( آئی جی) عامر ذوالفقار نے کہا ہے کہ منشیات استعمال کرنے والے طلباء  کے کریکٹر سرٹیفیکیٹ پر’منشیات کا عادی‘ لکھا جھائے گا اور ان کو بیرون ملک تعلیم کیلئے ویزہ بھی نہیں ملے گا۔

آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ طلباء اپنے ہاتھ سے اپنا مستقبل تباہ نہ کریں۔ منشیات کی لعنت سے بچیں۔

انہوں نے کہا کہ منشیات سپلائی کرنے والوں کے خلاف تو ڈنڈا اٹھا لیا۔ اب ڈیمانڈ کرنے والوں کا علاج کرنا ہے جو منشیات کے خلاف آگاہی مہم کا حصہ ہے۔

عامرذوالفقار نے طلباء کے کریکٹر سرٹیفیکیٹ پر منشیات کا عادی لکھنے کی توجیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ طلب اور رسد کا ہے۔ سپلائی پر ہم نے مکمل نظر رکھی ہے۔ اب ڈیمانڈ روکنے کیلئے یہ طریقہ سب سے کارآمد ہے۔ یہ عمل جاری رہے گا۔ دوسرے اداروں میں بھی جائیں گے اور نوجوانوں سے بات کریں گے۔