ہوم   >  پاکستان

دکی، کان میں دھماکا، کارروائی میں مصروف 2 کان کن دم گھٹنے سے جاں بحق

7 months ago

بلوچستان کے ضلع دکی میں کوئلے کی کان میں زہریلی گیس بھرنے سے دھماکا ہوا، جس سے 4 مزدور کان کے اندر پھنس گئے۔ مزدوروں کو نکالنے کیلئے امدادی کارروائیوں میں مصروف 2 کان کن دم گھٹنے سے جاں بحق جب کہ 5 بے ہوش ہوگئے۔

پولیس کے مطابق بلوچستان کے ضلع دکی میں مقامی کوئلے کی کان میں زہریلی گیس بھرنے سے گزشتہ اتوار کی رات دھماکا ہوا، جس سے چار مزدور اندر دب گئے۔ دھماکے کی وجہ سے کان کا ایک حصہ زمین بوس ہوکر دب گیا۔ مقامی انتظامیہ کے مطابق کان کی گہرائی 1700 فٹ ہے۔

مزدوروں کو نکالنے کیلئے کان کنوں نے اپنی مدد آپ کے تحت کارروائی کا آغاز کیا، تاہم بعد ازاں ایف سی اہل کار بھی مدد کو پہنچ گئے۔ اس دوران امدادی کارروائی میں مصروف 2 کان کن زہریلی گیس کی زد میں آکر دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگئے، جن کی لاشیں سول اسپتال منتقل کردی گئیں۔ امدادی آپریشن کے دوران 5  دیگر مزدور بے ہوش بھی ہوئے۔

کان کے ٹھیکیدار کے مطابق جاں بحق کان کنوں کی شناخت عمر اور غنی کے ناموں سے کی گئی ہے۔ دور دراز علاقہ ہونے کے باعث امدادی ٹیموں اور مشینری کو علاقے میں پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی دکی کی ہی ایک کوئلے کی کان میں دھماکے کے نتیجے میں ملبے تلے دب کر 3 کان کن جاں بحق ہوگئے تھے۔

 

آپ کے تبصرے

Your email address will not be published.

 
متعلقہ خبریں
 
 
 
 
 
 
 
 
مقبول خبریں