کراچی کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن،10 ملزمان اور20 مشتبہ افراد زیرحراست

January 19, 2019

کراچی میں تیموریہ پولیس نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 10 ملزمان اور20 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا جن کے قبضے سے اسلحہ ، منشیات، موبائل فونز اور مسروقہ موٹرسائیکلیں برآمد کرلی ۔ کلری پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سنگین مقدمات میں ملوث مفرور ملزم کو گرفتار کرلیا ۔

تیموریہ پولیس نے نارتھ ناظم آباد میں سرچ آپریشن کیا جس میں پولیس کی بھاری نفری نے حصہ لیا۔ اس دوران علاقے کے داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کرکے گھر گھر تلاشی لی گئی۔ آپریش میں 10 ملزموں کو گرفتار کیا گیا  جن کے قبضے سے اسلحہ، موٹر سائیکلیں، موبائل فونز اور منشیات برآمد کرکے مقدمات درج کرلئے گئے۔ سرچنگ کے دوران 20 مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا گیا۔

نیو کراچی انڈسٹریل ایریا پولیس نے گٹکا سپلائی کرنے والے گروہ کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا جو گٹکا سوزوکی میں کتابوں کے نیچے چھپا کر سپلائی کیا کرتے تھے۔ ملزمان کے قبضے سے بڑی مقدار میں گٹکا برآمد کیا گیا اور مقدمہ درج کرلیا گیا۔

کلری تفتیشی پولیس نے لیاری میں کارروائی کرتے ہوئے مفرور ملزم اصغر خان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف 2012 میں اقدام قتل سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔