مقامی حکومتوں کے اختیارات کا معاملہ، پنجاب حکومت سے جواب طلب

January 11, 2019

مقامی حکومتوں کو کیا اختیارات دیئے؟ سپریم کورٹ نے پنجاب حکومت سے جواب طلب کر لیا، چیف جسٹس نے طیب اردوان کا حوالہ دیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ میئر کا بھی ویسا ہی عہدہ ہے جس طرح صدر اور وزیراعظم کا ہے ۔

سپریم کورٹ میں میئر لاہور اور ایل ڈی اے کے اختیارات سے متعلق کیس کے دوران میئر لاہور نے بتایا کہ تمام اختیارات ایل ڈی اے کے پاس ہیں انہیں مکمل طور پر مفلوج کردیا گیا، وہ 2 سال سے اختیارات کےلیے جنگ لڑرہے ہیں لیکن کچھ حاصل نہیں ہوا، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر براہ راست ان کے دفتر اور ملازمین پراثر انداز ہورہے ہیں۔

ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب سمجھتی ہے کہ اختیارات واپس منتقل کرے گی۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اب اصل کام مقامی حکومتوں کا ہے فنڈز نہ ملے تو وہ کیسے کام کریں گی؟ ترک صدر طیب اردگان سے ملاقات ہوئی تو انہوں نے بتایا کہ وہ 16 سال صدر اور وزیراعظم کے عہدوں پررہے لیکن سب سے بہتر عہدہ میئر استبول کا تھا۔

عدالت نے میئر لاہور کو درخواست میں ترمیم کی اجازت دیتے ہوئے پنجاب حکومت سے مقامی حکومتوں کو اختیار دینے سے متعلق جواب طلب کر لیا۔۔