تعلیمی اداروں کے اطراف پان و سگریٹ شاپس ختم کرنے کا فیصلہ

January 3, 2019

پنجاب میں تعلیمی اداروں کے 500 میٹر کے علاقے میں پان، سگریٹ شاپس ختم کر دی جائیں گی، طلبہ کے خون اور یورین ٹیسٹ بھی بوقت ضرورت لئے جاسکتے ہیں۔

وزیر تعلیم پنجاب مراد راس کی زیر صدارت محکمہ تعلیم اور نجی اسکولوں کے مالکان کا اجلاس ہوا جس میں اسکولوں سے نشے کے خاتمے کیلئے اہم تجاویز پر غور کیا گیا۔

وزیر تعلیم نے طلبہ کو نشہ آور اشیاء فراہم کرنیوالے سہولت کاروں کیخلاف سخت کارروائی کی ہدایت کردی، سرکاری اور نجی اسکولوں کی مانیٹرنگ کیلئے خصوصی کمیٹی بنائی جائے گی۔

اجلاس میں نشے سے بچاؤ کی آگاہی مہم چلانے اور طلبہ کو کھیلوں سمیت دوسری صحت مند سرگرمیوں میں مصروف رکھنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

واضح رہے کہ کئی رپورٹس میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ تعلیمی اداروں میں منشیات کا استعمال روز بروز بڑھتا جارہا ہے، لڑکوں سمیت لڑکیاں بھی نشے کی لت میں مبتلا ہورہی ہیں۔