پنجاب حکومت نے فروری 2019ء میں بسنت منانے کا اعلان کردیا

December 18, 2018

پنجاب حکومت نے آئندہ سال فروری میں بسنت منانے کا اعلان کردیا، صوبائی وزیر اطلاعات فیاض چوہان کہتے ہیں کہ سول سوسائٹی، شہریوں اور ثقافتی حلقوں کی جانب سے بسنت منانے کا مطالبہ کیا جارہا تھا، جس پر فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے پتنگ بازی کی اجازت کے مطالبات پر وزیر قانون کی سربراہی میں جائزہ کمیٹی بنادی۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے بتایا کہ لاہور کے شہریوں، سول سوسائٹی اور ثقافتی حلقوں نے بسنت پر پابندی کے حل کا مطالبہ کیا تھا، جس پر حکومت نے فروری میں بسنت منانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بسنت پر پتنگ بازی کی اجازت کے مطالبات کا جائزہ لینے کیلئے وزیر قانون راجہ بشارت کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی، کمیٹی کی رپورٹ پر پتنگ بازی کی اجازت کا فیصلہ کیا جائے گا۔

کمیٹی پتنگ بازی کے نقصانات سمیت دیگر امور کا جائزہ لے گی، سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے دونوں ادوار میں لاہور میں بسنت کے موقع پر پتنب بازی پر پابندی عائد کی گئی تھی۔

وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ بسنت بنیادی طور پر کلچرل فیسٹیول ہے، اس مرتبہ فروری 2019ء کے دوسرے ہفتے میں بسنت کا کلچر فیسٹیول منائیں گے، لاہور کی عوام اپنا تاریخی کلچر فیسٹیول منائے گی۔