پانی کی بوتلوں کی قیمتیں کمپنیاں نہیں بڑھائیں گی، چیف جسٹس

December 6, 2018

سپریم کورٹ نے منرل واٹر کمپنیوں کو معیار میں بہتری کیلئے عدالتی کمیشن کیساتھ مل کر تجاویز طے کرنے کی ہدایت کردی، چیف جسٹس نے واضح کیا کہ کمپنیاں پانی کی قیمتیں نہیں بڑھا سکیں گی۔

سپریم کورٹ میں منرل واٹرکی قیمتوں سے متعلق کیس سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی، چیف جسٹس نے کہا پانی کی ٹریٹمنٹ پرجوکام فوری ہوسکتا ہے وہ کریں باقی کیلئے ٹائم فریم طے کرلیں، منرل واٹر کمپنیاں بڑی مقدار میں زمین سے پانی نکال رہی ہیں، پانی کی قیمت عدالت نے مقرر کر دی ہے، کمپنیاں قیمتیں نہیں بڑھا سکیں گی۔

چیف جسٹس نے کہا سندھ اور بلوچستان حکومت نے زیر زمین پانی کےاستعمال کی قیمت مقررکردی ہے، نجی کمپنی کے وکیل اعتزاز احسن نے کہا عدالت نے یہ بہت بڑا کام کردیا۔

سپریم کورٹ نے کمپنیوں کو واٹر ٹریٹمنٹ کی بہتری کیلئے کمیشن کےساتھ بیٹھ کرتجاویز طےکرنے کا حکم دے دیا، فریقین تیرہ دسمبر تک عدالت کو تجاویز سے آگاہ کریں گے ۔