حکومت نے سگریٹ پر گناہ ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا

December 4, 2018

 

گناہ کرو اور ٹیکس دو، حکومت نے سگریٹ نوشی کرنے والوں کیخلاف گناہ ٹیکس لگانے کا فیصلہ کرلیا۔

فون ٹیکس، ٹول ٹیکس اور سیلز ٹیکس کے بعد حکومت کی جانب سے  اب گناہ ٹیکس بھی عائد کیا جائےگا۔  صبح، دوپہر، شام سگریٹ سلگا کر اپنا خون اور دوسروں کے دل جلانے والوں کو سزا ملے گی۔

وفاقی وزیر برائے ہیلتھ سروسز عامر کیانی نے بتایا کہ سگریٹ پیکٹ پر 5 سے 15 روپے ٹیکس عائد کرنے پر غور کیا جارہا ہے، تمباکو اور سگریٹ پر گناہ ٹیکس کا بل جلد اسمبلی میں لائیں گے۔

عامر کیانی کے مطابق  پاکستان میں ہر سال 4 ارب سے زائد سگریٹ  کے پیکٹ فروخت ہوتے ہیں۔  ٹیکس نافذ کیے جانے سے سالانہ اربوں روپے کی آمدن ہوگی اور یہ  سارا پیسہ صحت کے شعبے میں خرچ کیا جائے گا۔

گناہ ٹیکس کے ممکنہ نفاذ کی خبر سن کر سگریٹ پینے والوں میں بے چینی پھیل گئی، تاہم متععد افراد کا یہ بھی کہنا ہے کہ عمران خان نے یہ فیصلہ کرکے ثابت کردیا کہ ’’ریاست ہوگی ماں کے جیسی‘‘۔