Friday, October 23, 2020  | 5 Rabiulawal, 1442
ہوم   > Latest

پشاور میں فائرنگ، نجی ٹی وی کا رپورٹر جاں بحق، کیمرہ مین زخمی

SAMAA | and - Posted: Dec 3, 2018 | Last Updated: 2 years ago
Posted: Dec 3, 2018 | Last Updated: 2 years ago

پشاور میں صحافی کی گاڑی پر فائرنگ کردی گئی، نجی ٹی وی کے رپورٹر جاں بحق اور کیمرہ مین زخمی ہوگیا، ملزمان باآسانی فرار ہوگئے، آئی جی خیبرپختونخوا نے واقعے کا نوٹس لے لیا، سی سی پی پشاور کو قتل کی تفتیش کی خود نگرانی کرنے کی ہدایت کردی۔

پشاور کے علاقہ سربند میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے گاڑی پر فائرنگ کردی، واقعے میں نجی ٹی وی کا رپورٹر نور الحسن جاں بحق جبکہ کیمرہ مین صابر شدید زخمی ہوگیا، نقاب پوش ملزمان واقعے کے بعد باآسانی فرار ہوگئے۔

پشاور واقعے کے بعد رواں سال خیبر پختونخوا میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں جاں بحق صحافیوں کی تعداد 5 ہوگئی۔

نوشہرہ سے تعلق رکھنے والے نجی ٹی وی کے رپورٹر نور الحسن کیمرہ مین صابر کے ہمراہ اپنی گاڑی میں حیات آباد آرہے تھے کہ اچینی چوک کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ان پر فائرنگ کی، دونوں افراد کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تاہم نور الحسن زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے، دوسرے زخمی صابر کی حالت بھی تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ پولیس حیات آباد سرکل نجم الحسنین کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان 125 موٹر سائیکل پر سوار تھے، جنہوں نے 9 ایم ایم پستول سے فائرنگ کی، تفتیش کیلئے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے اور قریبی عمارتوں پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں سے فوٹیج حاصل کی جارہی ہے۔

آئی جی پولیس خیبرپختونخوا صلاح الدین خان محسود نے پشاور میں صحافی کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی پشاور قاضی جمیل الرحمٰن کو تفتیش کی خود نگرانی کرنے اور ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دیا ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں قتل صحافیوں کی تعداد 5 ہوگئی، 2 افراد بخشش الٰہی اور سہیل خان کو ہری پور، ہارون خان صوابی جبکہ چارسدہ میں احسان اللہ شیر پاؤ کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جاچکا ہے۔

خیبرپختونخوا یونین آف جرنلسٹ نے واقعے کی مذمت کی ہے، صدر کے ایچ یو جے سیف الاسلام سیفی کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت اور سیکیورٹی ادارے صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے میں مسلسل ناکام ہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا واقعے کا نوٹس لیں اور پولیس فوری طور قاتلوں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دلائیں۔

WhatsApp FaceBook

آپ کے تبصرے :

Your email address will not be published.

متعلقہ خبریں
WhatsApp FaceBook
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube