ڈیرہ اسماعیل خان: قتل کا ملزم دوسری بار پولیس حراست سے فرار

November 8, 2018

ڈیرہ اسماعیل خان کے سنٹرل جیل سے پیشی کے لیے عدالت آنے والا قتل کیس کا ملزم دوسری مرتبہ پولیس کی حراست سے فرار ہوگیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی دوبارہ گرفتاری کے لیے ناکہ بندی کردی گئی ہے۔

ڈیرہ اسماعیل خان سے سماء ٹی وی کے نمائندہ احمد نواز کے مطابق ملزم عمران ولد نذیراحمد پولیس کی حراست سے فرارہوگیا ہے۔ پولیس کی بھاری نفری نے ضلع کچہری اور اطراف کا علاقہ گھیرے میں لے کر ملزم کی گرفتاری کے لیے کوششیں شروع کردیں۔

ملزم عمران پر الزام ہے کہ چند ماہ قبل وہ اپنی روٹھی بیوی کو زبردستی ساتھ لے جانے کے لیے اس کے گھرآیا لیکن بیوی ساتھ جانے پر تیارنہ ہوئی تواس نے فائرنگ کردی جس سے اس کی سالی موقع پر جاں بحق ہوگئی اور ملزم دھمکیاں دیتا ہوا موقع سے فرارہوا۔

یہ بھی پڑھیں: ڈیرہ اسماعیل خان میں پرتشدد مظاہرے کرنے والوں کے خلاف 7 مقدمات درج

اس وقت ایس ایچ اوتھانہ ڈیرہ ٹاؤن حافظ محمدعدنان نے ملزم کوموقع پر گرفتارکرلیا لیکن زخمی ہونے کی وجہ سے اسے اسپتال میں داخل کروا دیا مگر ملزم اسپتال میں پولیس کو چکمہ دے کر فرارہوگیا۔

ڈیرہ ٹاؤن اور گومل یونیورسٹی پولیس نے مشترکہ کاروائی کے دوران ملزم کو دوبارہ گرفتارکرکے جیل منتقل کردیا جہاں سے آج اسے پیشی کے لیے لایا گیا تھا مگر ملزم ایک بار پھر پولیس کو کی حراست سے فرار ہوگیا ہے۔

 ڈی پی او ڈیرہ اسماعیل خان ظہور بابرآفریدی نے پولیس کوملزم کی فوری گرفتاری کی ہدایات جاری کردی ہیں۔