وزیر خارجہ پہلے غیر ملکی دورے پر ہفتہ کو کابل جائینگے

September 14, 2018

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پہلے غیر ملکی دورے پر کل (ہفتہ کو) کابل جائیں گے، جہاں وہ افغان صدر، چیف ایگزیکٹو سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔

نومنتخب پی ٹی آئی حکومت کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر کل کابل جائیں گے، ایک روزہ دورے میں سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ بھی ان کے ہمراہ ہوں گی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی افغان صدر اشرف غنی، چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کریں گے جبکہ افغان ہم منصب صلاح الدین ربانی سے وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے۔

شاہ محمود قریشی اور افغان حکام کے درمیان دو طرفہ تعلقات، افغان امن عمل اور طالبان سے مذاکرات پر بات چیت ہوگی جبکہ بارڈر مینجمنٹ سمیت دیگر اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

وزیر خارجہ جلال آباد میں پاکستانی قونصلیٹ کی بندش کے معاملے پر بھی افغان حکام بات چیت کریں گے۔