پشین میں اسسٹنٹ کمشنرکی گاڑی کے قریب دھماکا، تین لیویز اہلکار شہید

September 14, 2018

بلوچستان کے ضلع پشین میں اسسٹنٹ کمشنرکی گاڑی کے قریب موٹرسائیکل میں بم دھماکےمیں تین لیویز اہلکار شہید ہوگئے۔

 

  پولیس کے مطابق دھماکہ اسٹنٹ کمشنر برشور عامر زمان کی گاڑی کے قریب ہوا، دھماکے کےوقت اسسٹنٹ کمشنر گاڑی میں موجودنہیں تھے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق  دھماکہ خیز مواد بم موٹر سائیکل میں نصب تھا جو زوردار دھماکے سے پھٹا جس کے نتیجے میں 3 لیویز اہلکاروں کے شہید ہوئے۔

 

دھماکے میں شہید ہونے والے محافظوں میں جعفر خان، عصمت اللہ اور عبدالباقی شامل ہیں  جب کہ زخمی ڈرائیور کی شناخت عین الدین کے نام سے ہوئی ہے۔ زخمی ڈرائیور کو ابتدائی طبی امداد کے بعد کوئٹہ منتقل کیا جارہا ہے۔

 

دھماکے کے بعد شہر کی سیکیورٹی سخت کر تے ہوئے شہر کے داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کر دیا گیا جب کہ دھماکے کی نوعیت جاننے کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔

 

دوسری جانب صوبائی وزیر داخلہ سلیم کھوسہ نے پشین دھماکے کی مذمت  کرتے  ہوئے واقع  کی فوری رپورٹ طلب  کر لی ہے جب کہ انھوں نےواقع  میں زخمی اہلکار کو فوری طبی امداد کی فراہمی کی ہدایت کی ہے۔سلیم کھوسو کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں سے  آہنی ہاتھوں سے نبٹا جائے گا۔