شوہر نے بیوی، ساس، سالی اور ایک سالہ بچی پر تیزاب پھینک دیا

Jahangir Akram Khan
September 12, 2018

لاہور میں گھریلو ناچاقی پر شوہر نے بیوی، ساس اور سالی سمیت 6 افراد پر تیزاب پھینک دیا، متاثرہ افراد میں ملزم کی ایک سالہ بیٹی بھی شامل ہے۔

لاہور کے علاقے مناواں میں تیزاب گردی کا دلخراش واقعہ پیش آیا، گھریلو جھگڑے پر ایک شخص نے اپنی بیوی، ساس، سالی پر تیزاب پھینک دیا، ملزم کی ایک سالہ بیٹی بھی تیزاب کی زد میں آکر زخمی ہوگئی، مجموعی طور پر 6 افراد تیزاب سے متاثر ہوئے۔

ڈی ایس پی نذر عباس کے مطابق شفاقت کی بیوی نمرہ جھگڑا کرکے 2 ماہ سے میکے میں تھی، بار بار منانے پر بھی بات نہ بنی تو شوہر نے اس وقت تیزاب پھینک دیا جب ساس، بیوی اور گھر کے دیگر افراد بازار جارہے تھے۔

نمائندہ سماء کے مطابق متاثرہ افراد میں ایک سالہ علیزہ بھی شامل ہے جو ملزم کی بیٹی ہے، پولیس نے متاثرین کے بیانات ریکارڈ کرکے شفاقت کی گرفتاری کیلئے کوششیں شروع کردیں۔