کراچی میں شہریوں کو اغواء کرنیوالا داعش کا نیٹ ورک پکڑا گیا

September 12, 2018

کراچی میں دہشت گردی کیلئے شہریوں کو اغواء کرنیوالا داعش کا نیٹ ورک پکڑا گیا، اے وی سی سی نے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا، ملزمان نے گلستان جوہر سے اغواء کئے گئے نوجوان کو ایک کروڑ روپے سے زائد تاوان لیکر چھوڑ دیا تھا۔

ڈی آئی جی سی آئی اے امین یوسف کے مطابق پولیس نے شہریوں کے اغواء میں ملوث داعش کا نیٹ ورک پکڑ لیا، اے وی سی سی نے کارروائی کرکے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

پولیس نے 6 نوجوانوں کے اغواء کے کیس میں تحقیقات کے دوران بڑی کامیابی حاصل کی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے گلستان جوہر سے نوجوان کو اغواء کیا اور ایک کروڑ روپے سے زائد تاوان لے کر رہا کیا، مغوی کی فیملی کو تاوان کیلئے افغانستان سے کالز آتی تھیں، رقم افغانستان منتقل ہونے سے قبل ہی برآمد کرلی گئی۔

ڈی آئی جی سی آئی اے کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم نعیم 2 پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد کے قتل میں ملوث ہے، پولیس نے منگھو پیر اور ساکران میں داعش کے ٹارچر سیلوں کا بھی سراغ لگالیا۔