احتجاجی ریلی،سیکیورٹی سخت،بد عنوانی کا خاتمہ

Samaa Web Desk
September 12, 2018

صوبائی کابینہ کی لیویز فورس کو متحرک بنانے کی چار سالہ منصوبے کی منظوری

روزنامہ باخبر

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیرصدارت منعقد ہونے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں بلوچستان لیویز فورس کی تشکیل نو کے ذریعہ اسے ایک پیشہ ورانہ اور متحرک فورس میں ڈھالنے کے لئے چار سالہ منصوبے کی اصولی طور پر منظوری دے دی گئی ہے جس پر لاگت کاتخمینہ آٹھ ارب روپے ہے جسے چار مراحل میں مکمل کیا جائے گا۔ کابینہ نے محکمہ داخلہ کو لیویز فور س کی جانب سے کابینہ کو فورس کی تشکیل نو کے لئے پیش کی گئی سفارشات کا جائزہ لے کر انہیں حتمی منظوری کے لئے کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کرنے ہدایت کی ہے، ڈائریکٹر جنرل لیویز فورس نے لیویز فورس کی تشکیل نو اور اس کی استعداد کار میں اضافہ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فورس کو وسعت دیتے ہوئے اسے جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے نئے آپریشنل ونگ، کوئک رسپانس فورس ونگ، جدید مواصلاتی ونگ، کاؤنٹر ٹیریرسٹ ونگ، بم ڈسپوزل ونگ، سی پیک سیکیورٹی ونگ، سماجی ومعاشی ترقیاتی منصوبوں کے تحفظ کا سیکیورٹی ونگ، اینٹیلجیس ونگ اور انوسٹی گیشن ونگ کے قیام کی ضرورت ہے جبکہ لیویز اہلکاروں کی استعداد کار میں اضافے کے لئے تربیتی کورسزبھی ناگزیر ہیں، انہوں نے بتایا کہ بلوچستان کے 90فیصدعلاقے میں لیویز فورس تعینات ہے جس کی کل تعداد 23132 ہے جن میں سے 13227 اہلکار وں کو جدید خطوط پر تربیت فراہم کی گئی ہے، جبکہ فیڈرل لیویز کی تعداد 6560ہے ، لیویز فورس کی تشکیل نو سے اس کی افادیت میں اضافہ ہوگا اور امن وامان کے قیام میں مدد ملے گی۔

کوئٹہ میں محرم الحرام کی وجہ سے سیکیورٹی سخت

روزنامہ آزادی

وزیر اعلیٰ بلوچستان کی محرم الحرام کی وجہ سے کوئٹہ میں سکیورٹی سخت کرنے کی ہدایات،جس کے بعد انتطامیہ نے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے شہر میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے تمام امام بارگاہوں کی سییکورٹی سخت کر دی ہے،ایف سی اور پولیس اہلکاروں کو امام بارگاہوں کے روٹس پر جانے والی تمام موٹر سائیکلوں کی چیکنگ کے احکامات دیئے گئے ہیں۔

نیب بلوچستان کا فلموں کے ذریعے بدعنوانی کے خاتمے کا فیصلہ

روزنامہ ایکسپریس

معاشرے سے بدعنوانی مٹانے اور عوام میں شعور و آگہی پھیلانے کے لیے نیب بلوچستان نے مختصر دورانیے کی فلموں کے مقابلوں کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے،نیب بلوچستان کے جاری اعلامیے میں کہا گہا ہے کہ کرپشن کے خلاف بنائی جانے والی ان فلموں کو پر کشش انعامات سے بھی نوازا جائے گا،اعلامیے میں کہا گیا کہ اس کا مقصد عوام میں کرپشن کےناسور سے متعلق آگہی مہیا کرنا ہے۔

بلوچ طلباء پر تشدد کے خلاف بی ایس او کی تربت میں احتجاجی ریلی

روزنامہ انتخاب

طلباء نے بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں طلباء تنظیم کی جانب سے بلوچ طالب علموں پر  تشدد کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ معمولی جھگڑے کو طول دیکر بلوچ طالب علموں کو بدترین تشدد کا نشانہ بنانا یونیورسٹی قوانین کی خلاف ورزی ہے، یونیورسٹی انتظامیہ اس واقعے کا نوٹس لیکر بلوچ طالب علموں پر تشدد کرنے والے سیاسی پارٹی کے ملوث اسٹوڈنٹس کیخلاف قانونی کارروائی کرے۔