صدر پاکستان جمعرات کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرینگے

September 12, 2018

پاکستان کے نئے صدر ڈاکٹر عارف علوی جمعرات 13 ستمبر کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔


صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کا مشترکہ اجلاس کل (جمعرات) سہ پہر 4 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب کیا ہے۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق پارلیمنٹ کے دونوں ایوان کے مشترکہ اجلاس سے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے نومنتخب صدر خطاب کریں گے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے صدر مملکت کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

ڈاکٹر عارف علوی کا بحیثیت صدر پاکستان پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے یہ پہلا خطاب ہوگا، انہوں نے 9 ستمبر کو 13 ویں صدر پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔

ڈاکٹر عارف علوی 4 ستمبر کو ہونے والے انتخاب میں صدر مملکت منتخب ہوئے، صدارتی انتخاب کی دوڑ میں شامل مشترکہ اپوزیشن کے امیدوار فضل الرحمان اور پیپلزپارٹی کے چوہدری اعتزاز احسن کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ نتائج کے مطابق ڈاکٹر عارف علوی کو 353 ووٹ، فضل الرحمان کو 185 اور چوہدری اعتزاز احسن کو 124 ووٹ ملے۔

ڈاکٹر عارف علوی کراچی سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 247 سے منتخب ہوئے تھے تاہم صدر مملکت بنتے ہی انہوں نے نشست سے استعفیٰ دیا۔