کلثوم نواز کے انتقال پر تعزیتی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

Naeem Ashraf Butt
September 12, 2018

سابق خاتون اوّل پاکستان بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر تعزیتی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی گئی۔


مسلم لیگ ن کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ کی طرف سے قرارداد جمع کرائی گئی جس میں کہا گیا کہ یہ ایوان محترمہ کلثوم نواز کی ناگہانی موت پر افسوس کا اظہار کرتا ہے۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ پاکستان جمہوریت پسند اور دلیر خاتون سیاستدان سے محروم ہوگیا، کلثوم نواز نے جمہوریت کی سربلندی کےلئے جدوجہد جاری رکھی۔

سابق خاتون اول کلثوم نواز انتقال کرگئیں

سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز 11 ستمبر پیر کے روز لندن میں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئیں۔ کلثوم نواز گلے کے کینسر میں مبتلا تھیں۔

کلثوم نواز کی نماز جنازہ جمعہ کو جاتی امراء میں ادا کی جائے گئی۔ ان کی میت پاکستان لانے کے حوالے سے انتظامات کرلیے گئے۔