سینیٹ میں بلوچستان کی ایک خالی نشست کے لیے ووٹنگ جاری

Samaa Web Desk
September 12, 2018

ضمنی انتخاب کیلئے بلوچستان اسمبلی میں صبح دس بجے سے شام چار بجے تک پولنگ جاری رہے گی، بلوچستان اسمبلی کے65 سے 61 ارکان صوبائی اسمبلی اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکیں گے۔

سینٹ کی خالی نشست کے لیے بلوچستان عوامی پارٹی کے سرفراز بگٹی اور متحدہ مجلس عمل کے رحمت اللہ کاکڑ کے درمیان مقابلہ ہوگا جب کہ بی این پی کے ساجد ترین ایڈووکیٹ اور آزاد امیدوار سابق نگراں وزیراعلیٰ علاﺅ الدین مری بھی میدان میں ہیں، پاکستان تحریک انصاف کے میر عامر رند اور میرغلام دستگیر بادینی نے بھی  کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔

سینٹ کی نشست میر نعمت اللہ زہری کے رکن اسمبلی منتخب ہونے کے بعد خالی ہوئی تھی،نوابزادہ میر نعمت زہری نے25 جولائی کے ہونیوالے انتخابات میں رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہونے کے بعد سینیٹ کی نشست چھوڑی تھی۔

سینٹ الیکشن کے موقعہ پر بلوچستان اسمبلی کے باہر اور اندرسیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں جب کہ میڈیا کے نمائندگان کو بھی اسمبلی کے اندر جانے سے روک دیا گیا ہے۔