نواز شریف، مریم اور صفدر کو کلثوم نواز کی تدفین میں شرکت کی اجازت دینے کا فیصلہ

September 11, 2018

وفاقی حکومت نے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو بیگم کلثوم نواز کی تدفین میں شرکت کی اجازت دینے کا فیصلہ کرلیا، وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو اس حوالے سے تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم کو اجلاس کے دوران بیگم کلثوم نواز کے انتقال کی اطلاع دی گئی، عمران خان نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اجلاس رکوا کر مرحومہ کیلئے فاتحہ خوانی کروائی۔

وزیراعظم عمران خان نے اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داما کیپٹن (ر) صفدر کو سابق خاتون اول کے جنازے میں شرکت کی اجازت دینے کا فیصلہ کرلیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو اس حوالے سے تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کی بھی ہدایت کردی۔

عمران خان نے پاکستانی حکام اور لندن ہائی کمیشن کو کلثوم نواز کی میت کی وطن واپسی کیلئے اہل خانہ کو بھرپور تعاون فراہم کرنے کی بھی ہدایت کردی۔

سینیٹر فیصل جاوید نے سماء سے گفتگو کرتے ہوئے کلثوم نواز کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کیلئے صبر جمیل اور مرحومہ کے درجات کی بلندی کی دعا کی، انہوں نے کہا کہ حکومت کلثوم نواز کے خاندان اور لواحقین کو قانون کے مطابق تمام سہولیات فراہم کرے گی، برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن کو ضروری سہولیات کی فراہمی میں معاونت کرنے کی ہدایت کردی گئی۔